کراچی : وزیراعظم نوازشریف آج 2 روزہ دورے پرسندھ پہنچیں گے جہاں وہ نجی ہوٹل میں ہولی کی تقریب میں شرکت کرنے کے بعدگورنر ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے سندھ میں انتخابات سے قبل رابطوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے جس کے تحت وزیر اعظم دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ مقامی نجی ہوٹل میں مسلم لیگ (ن) کی اقلیتی ونگ کی جانب سے منعقد کردہ ہولی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
بعد ازاں وزیر اعظم نواز شریف گورنر ہاؤس میں ہونے والے پارٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے اور آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی کو حتمی شکل دیں گے۔
ذرائع کے مطابق سندھ میں تقریبات میں شرکت کے بعد وزیر اعظم بلوچستان کے علاقے حب کے لیے روانہ ہوجائیں گے اور گڈانی میں منعقد کردہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے اور پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان کے دورہ سندھ اور بلوچستان کے موقع پر ان کے ہمراہ وزراء، مشیر اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی ہمراہ ہوں گے جب کہ اس موقع پر وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز شریف بھی ان کے ساتھ ہوں گی۔