اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی مستقل ضمانت کی درخواست دائر کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف کی جانب سے مستقل ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، متفرق درخواست میں اضافی دستاویزات بھی شامل کی گئی ہیں۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ متفرق درخواست میں ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی رائے بھی شامل کی گئی ہے، درخواست کے ساتھ اضافی میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی جمع کرایا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف نے برطانیہ میں علاج کرانے کی خواہش ظاہر کر دی تھی اور سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے استدعا کی کہ پاکستان میں علاج کی پابندی پر نظر ثانی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف نے برطانیہ میں علاج کرانے کی خواہش ظاہر کردی
عدالت نے 26 مارچ کو 6 ہفتے کے لیے مشروط ضمانت دی تھی، جس پر نواز شریف کی درخواست میں کہا گیا کہ حکم نامے میں کہا گیا تھا ملک چھوڑ کر نہیں جا سکتے لیکن علاج اسی ڈاکٹر سے ممکن ہے جس نے برطانیہ میں علاج کیا تھا۔
مؤقف میں کہا گیا کہ نواز شریف کی مکمل صحت یابی 6 ہفتے میں نا ممکن ہے، طبی ماہرین کے مطابق نواز شریف کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، نواز شریف کو دل اور گردوں کے امراض لاحق ہیں۔