لاہور: وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی ضمانت میں توسیع سے متعلق وکیل خواجہ حارث کی درخواست پنجاب حکومت کو موصول ہوگئی، نوازشریف کی درخواست پر غور کر رہے ہیں۔
تفصلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے ضمانت میں توسیع کے حوالے سے پنجاب حکومت کو درخواست دی تھی، وزیرقانون پنجاب نے درخواست وصولی کی تصدیق کردی۔
راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست زیر غور ہے۔ نوازشریف کے وکیل کو کہا ہے مزید میڈیکل رپورٹس دی جائیں تاکہ ضمانت میں توسیع سے متعلق حتمی فیصلہ کرسکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر ہم آسانی سے فیصلہ کرسکیں گے۔
نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے پنجاب حکومت کو درخواست
خیال رہے کہ 24 دسمبر کو نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے چیف سیکرٹری پنجاب کو درخواست جمع کروائی گئی تھی، جس میں موقف اپنا گیا کہ نوازشریف کا بیرون ملک علاج جاری ہے، بیماری کے باعث وطن واپس نہیں آسکتے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس بھی درخواست کے ساتھ لگائی گئی تھیں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تا حیات قائد نوازشریف کی طبی بنیادوں پر 8 ہفتوں کے لیے ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ضمانت کے عوض 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔