لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس سیلز میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو پلیٹ لیٹس سیل کی 2 میگا کٹ لگا دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی دواؤں کی وجہ سے نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کم ہوئے تھے، اب پلیٹ لیٹس کٹ لگائے جانے کے بعد ان کی حالت بہتر ہونے لگی ہے۔
ایک میگا کٹ لگانے سے 8 سے 10 ہزار وائٹ سیلز بڑھتے ہیں، ذرایع نے بتایا کہ نواز شریف کے وائٹ سیلز کی تعداد اب 20 ہزار کے لگ بھگ ہے، دوبارہ سی بی سی ٹیسٹ میگا کٹ لگانے کے ایک گھنٹے بعد کیا جائے گا۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو تیسری میگا کٹ رات کو لگائی جائے گی، ن لیگی رہنما کو اب بخار بھی نہیں اور حالت خطرے سے باہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف سروسز اسپتال میں زیرعلاج ، وی آئی پی کمرہ نیب کی سب جیل قرار
واضح رہے کہ نیب ترجمان نے کہا تھا نواز شریف کی طبیعت ان کے ذاتی معالج کی دواؤں کی وجہ سے خراب ہوئی تھی، جس پر ان کا ڈینگی ٹیسٹ کرایا گیا جو نیگیٹو آیا، اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ترجمان نیب کے مطابق نواز شریف کی دیکھ بھال کے لیے 24 گھنٹے ڈاکٹرز کی ٹیم مقرر کر دی گئی ہے، لہٰذا نواز شریف کے ذاتی معالج کو رسائی نہ دینے کی خبر غلط ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں، اسپتال کے وی آئی پی کمرے کو ان کے لیے سَب جیل قرار دیا گیا ہے، نواز شریف سے ڈاکٹرز کے سوا کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں۔