لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف سروسز اسپتال میں زیرعلاج ہے ،اسپتال کا وی آئی پی کمرہ نیب کی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے ، نواز شریف سے ڈاکٹرز کےسوا کسی کوملاقات کی اجازت نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف سروسزاسپتال کے وی آئی پی کمرے میں زیرعلاج ہے، اسپتال کاوی آئی پی کمرہ نیب کی سب جیل قرار دیا گیا ہے اور اسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
نواز شریف سے ڈاکٹرز کےسوا کسی کوملاقات کی اجازت نہیں اور ان کے اسپتال میں داخل رہنے تک نیب اور پولیس اہلکار موجود رہیں گے۔
سربراہ میڈیکل بورڈپروفیسرمحمود ایاز اور ٹیم نےنوازشریف کا ابتدائی طبی معائنہ کیا ،پروفیسرمحمود نے کہا نواز شریف کے پلیٹ لیٹ کاؤنٹ نارمل رینج سے کافی کم ہیں، ڈینگی وائرس کی تصدیق نہیں کی جاسکتی پلیٹ لیٹ کاؤنٹ کم ہونےکی بہت سی وجوہات ہوسکتی ہیں۔
مزید پڑھیں : نواز شریف کا ڈینگی ٹیسٹ نیگیٹیو اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، ترجمان نیب
چیک اپ کے بعد معدے، گردوں اور دل کے دیگرٹیسٹ بھی کئے جائیں گے۔
یاد رہے گذشتہ روز نون لیگ کے قائد نوازشریف کی طبیعت خراب ہو گئی تھی ، جس کے بعد انہیں سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ،نواز شریف کو پلیٹی لیٹس کم ہونے پر نیب لاہور آفس سے اسپتال پہنچایا گیا۔
سروسزاسپتال میں نوازشریف کے چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا ، جس کی سربراہی پرنسپل سمز پروفیسرمحمود ایاز کر رہے ہیں۔
ترجمان نیب نے کہا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کاؤنٹس کم آئے ہیں لیکن انہیں ڈینگی بخارنہیں ہوا، ان کے پلیٹی لیٹس کاؤنٹ ڈاکٹر عدنان کی دوا کےباعث ہوئے ، سروسز اسپتال میں نواز شریف کی حالت بہترہے، ان کی چوبیس گھنٹے دیکھ بھال کیلئے ڈاکٹروں کی ٹیم مقرر کر دی گئی ہے۔