رہنما ن لیگ عطا تارڑ نے کہا ہے کہ نوازشریف سعودی عرب روانہ ہوچکے ہیں، قائد ن لیگ عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن روانہ ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ وطن واپسی سے قبل نوازشریف عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودیہ عرب روانہ ہوچکے ہیں۔ تمام افواہوں کے بازار دم توڑ چکے ہیں۔ 21 اکتوبرکی تاریخ اٹل ہے، کوئی ردوبدل نہیں ہے۔
انھوں نے کہا مہنگائی کا ذمہ دار وہ ہے جو اڈیالہ جیل میں بند ہے۔ نوازشریف نے ہمیشہ مشکل سے اس ملک کو نکالا ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ نوازشریف ایجنڈہ لے کر آرہے ہیں، پاکستانی عوام ان کیلئے معنی رکھتے ہیں۔ کل رات لاہورکے جلسے میں عوام ہی عوام موجود تھی۔ مینار پاکستان کا وینیو سوچ سمجھ کر چنا گیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ تاریخ کا بہت بڑاجلسہ مینار پاکستان پر ہوگا۔ ایک ایساجلسہ ہوگا جس کو پہلے چشم فلک نے نہیں دیکھا ہوگا۔ قانونی مشاورت بھی جاری ہے۔
انھوں نے کہا کہ ن لیگ میں جتنے بھی لوگ ہیں سب منظم ہیں۔ جمہوریت میں دھڑے بندی بھی ہوتی ہے،اختلاف رائے بھی ہوتا ہے۔ قائد کے استقبال کے حوالے سے سب متفق ہیں۔