ممبئی: معروف بالی وڈ اداکار نوازالدین صدیقی نے انڈسٹری سے منسلک شخصیات کی جانب سے ایک فلم کیلیے چارج کیے جانے والے معاوضے کے بارے میں انکشاف کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو میں نوازالدین صدیقی نے بتایا کہ میں ایک فلم کیلیے زیادہ معاوضے کیلیے بحث نہیں کرتا لیکن مجھے دیگر بالی وڈ اسٹارز کے مقابلے میں کم رقم دی جاتی ہے۔
انٹرویو میں میزبان نے پوچھا کہ کیا بالی وڈ اسٹارز ایک فلم کیلیے 10 کروڑ روپے چارج کرتے ہیں تو نوازالدین صدیقی نے جواب دیا کہ ’لگ بھگ اتنے ہی۔‘
متعلقہ: نوازالدین صدیقی نے فلم ’ہڈی‘ میں کام کرنے کا تجربہ شیئر کر دیا
انہوں نے اپنے بارے میں بتایا کہ میں اس چیز کیلیے فلمسازوں سے زیادہ بحث نہیں کرتا کیونکہ انڈسٹری اداکار کو اتنا ہی دیتی ہے جتنا وہ مستحق ہوتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ اگر کوئی اداکار معاوضے کیلیے بحث کرتا ہے تو فلمساز پوچھتے ہیں کہ تم واقعی اس کے مستحق بھی ہو؟
ایک سوال کے جواب میں نوازالدین صدیقی نے کہا کہ میں نے چھوٹے کردار نہ نبھانے کا فیصلہ کیا ہے، اگر کوئی مجھے 25 کروڑ روپے کی پیشکش کرے تب بھی میں چھوٹا کردار نہیں کروں گا۔
نوازالدین صدیقی نے کہا کہ میرا ماننا ہے دولت اور شہرت کا تعلق اداکار کے کام سے ہوتا ہے، اگر آپ اپنا کام اچھی طرح کر رہے ہیں تو دولت اور شہرت خود چل کر آپ کے پاس آئیں گے، لیکن اگر آپ صرف اسی کو پانے کی کوشش کریں گے تو یہ کبھی نہیں ملیں گے لہٰذا اچھا کام کرتے رہیں۔