اسلام آباد: نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں درخواست جمع کرانے کا آج آخری دن ہے، ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں درخواست جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے آن لائن رجسٹریشن نادراای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کیساتھ کرائی جا سکتی ہیں جبکہ پاکستانی گھر بیٹھے نادرا ویب سائٹ پربھی بغیر اضافی فیس کے رجسٹریشن کرسکتے ہیں۔
ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں درخواست جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں : نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام، فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ کا اعلان
یاد رہے چند روز قبل نادرا نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا اسکیم کا مقصد عوام کو ذاتی چھت کی فراہمی آسان بنانا ہے، آخری تاریخ میں متعدد بار توسیع کی گئی تاکہ کوئی شہری محروم نہ رہے۔
نادرا حکام کے مطابق اسلام آباد میں 260856 افراد، لاہور میں 225694، کراچی میں 265347 افراد، فیصل آباد میں 124884، ملتان میں 78738 اور کوئٹہ میں 70892 افراد نے رجسٹریشن کرائی، پشاور اور سوات میں بالترتیب 47362 اور 53486 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔
خیال رہے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 15 جولائی 2019 کو کیا تھا،جس کے تحت غریب شہریوں کو اپنا گھر آسان قسطوں پر فراہم کیا جائے گا۔