کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ناز بلوچ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے کراچی سے کسی رہنما کو کابینہ میں نہیں لیا جبکہ عامر لیاقت کا کہنا ہے کہ کپتان کی ٹیم ہے وہ بہترجانتے ہیں کہ کس کو چننا ہے۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے کہ میزبان عادل عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ناز بلوچ کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمارے بھی وزیراعظم ہیں اور ہمارے لئےقابل احترام ہیں۔
بہت اچھی بات ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سادگی اپنائی ہے، حکومت کو کام کرنے کا پورا موقع دیں گے، جہاں غلطی ہوگی وہاں نشاندہی کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کا تحریک انصاف میں بہت اہم کردار ہے، پی ٹی آئی پنجاب میں بہت اچھے اچھے نام ہیں، عثمان بزدار کے بجائے ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزیراعلیٰ پنجاب بنا دینا چاہئے تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیئے ہیں لیکن پی ٹی آئی حکومت نے کراچی سے کسی رہنما کو وفاقی کابینہ میں نہیں لیا۔
کپتان کی ٹیم ہے وہ بہترجانتے ہیں کہ کس کو چننا ہے، عامر لیاقت
علاوہ ازیں پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت حسین نے کہا کہ یہ کپتان کی ٹیم ہے وہ بہترجانتے ہیں کہ کس کو چننا ہے، پنجاب میں سینیئر رہنما نامزد وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی رہنمائی کریں گے، جہاں ہم غلط ہوں اپوزیشن اس کی نشاندہی کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کوصوبہ بنانے سے دستبردار نہیں ہوئی ہے، علی زیدی کو پورٹ اینڈشپنگ کی وزارت مل جائے گی جبکہ علی زیدی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی لینا چاہتے تھے۔