جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

ایک اور امریکی سفارتی اہلکار نے پاکستانی شہری کو کچل دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ایک اور امریکی سفارتی اہلکار نے پاکستانی شہری کو کچل دیا، موٹر سائیکل سوار نزاکت اسلم کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرنل جوزف کے بعد ایک اور امریکی سفارتکار نے پاکستانی شہری موٹر سائیکل سوار نزاکت اسلم کو کچل دیا، نزاکت اسلم کو زخمی حالت میں پمنز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

امریکی سفارتکار جیپ میں سوار تھا اور جیپ نمبر کیو این 734 نے موٹر سائیکل نمبر اے آر ایم 935 پر سوار شہری کو سیکریٹریٹ چوک پر ٹکر ماری، زخمی شہری نزاکت اسلم موتمر عالم اسلامی میں ملازم ہے۔

پمز اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی ہونے والے نزاکت اسلم کو ابتدائی طبی امداد دے دی گئی ہے جبکہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار امریکی سفارتکار کا نام چاڈریکس ہے جبکہ دوسرے امریکی سفارتی اہلکار بھی تھانے پہنچ گئے ہیں، واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے۔

پولیس کے مطابق امریکی سفارتخانے کا اہلکار تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا تھا اور شراب کے نشے میں دھت تھا، واقعہ تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود میں پیش آیا، امریکی سفارتخانے کا اہلکار اور گاڑی تھانے منتقل کردی گئی ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق واقعے کے ذمے داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، وزارت خارجہ کو سفارتی اہلکار کی تحریری تصدیق کا کہا ہے، وزارت خارجہ کی تحریری تصدیق کے بغیر سفارتی اہلکار کو رہا نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ 8 اپریل کو بھی امریکی سفارتی اہلکار کرنل جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عتیق کے نام سے ہوئی تھی اور جس گاڑی کی ٹکر سے وہ ہلاک ہوا وہ امریکی ڈیفنس اینڈ ایئر اتاشی کرنل جوزف ایمانوئل ہال کی تھی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں