کراچی : ناظم جوکھیو قتل کیس میں مطلوب پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی کا نام عبوری قومی شناخت لسٹ میں شامل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ناظم جوکھیو قتل کیس میں مطلوب جام عبدالکریم کی وطن واپسی کے معاملے پر وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف آئی اے نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی کا نام عبوری قومی شناخت لسٹ میں شامل کر دیا۔
ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ پی این آئی ایل میں نام کی موجودگی پر جام عبدالکریم کے پاکستان داخلے پر انھیں حراست میں لے لیا جائے گا۔
گورنر سندھ کی جانب سے جام کریم کا نام پی این آئی ائل لسٹ میں شامل کرنے کیلئے خط لکھا گیا تھا جبکہ جام عبدالکریم نے سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔
جام عبدالکریم نے عدم اعتماد کی تحریک میں حصہ لینے کیلئے دبئی سے اسلام آباد کے لئے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے612کی ٹکٹ کنفرم کرائی تھی۔
یاد رہے وزیرداخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ناظم جوکھیو کےقتل میں نامزد ایم این اے جام عبدالکریم دبئی سےووٹ ڈالنےآرہےہیں، جام کریم جیسے ہی اسلام آباد پہنچے گا اسے گرفتار کرلیا جائے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے میں نے ڈی جی ایف آئی اے کو کہہ دیا ہے کہ جام عبدالکریم کو گرفتار کریں اور آئی جی سندھ کے حوالے کیا جائے۔