اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل سہیل امان اور نیول چیف ایڈمرل ذکاءاللہ سمیت نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل مظہرجمیل بھی موجود تھے۔
جبکہ وزیردفاع خواجہ آصف، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیرخزانہ اسحاق ڈار،احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مشیر خارجہ سرتاج عزیز قومی سلامتی اورخارجہ امور کے مشیروں نے بھی شرکت کی ۔
اجلاس میں جوہری اور میزائل ٹیکنالوجی کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا،شرکا کو پاکستان کے نیوکلیئر اثاثوں کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔
نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل مظہرجمیل نے سول اورعسکری قیادت کو جوہری اثاثوں اور میزائل ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی۔
اس موقع پرآپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں اورفوجی جوانوں اورافسروں کی قربانیوں کو بھی سراہا گیا ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن واستحکام چاہتاہے، پاکستان ہرقسم کی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپورصلاحیت رکھتا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ خطے میں اسلحےکی دوڑکی حوصلہ شکنی چاہتےہیں۔ پاکستان کم سےکم دفاعی صلاحیت برقرار رکھےگا۔
اجلاس میں خطےمیں رونماہونےوالی تبدیلیوں پربریفنگ دی گئی ۔ اجلاس میں قومی سلامتی کےتحفظ کیلئےتمام ممکن اقدامات پر اتفاق کیا گیا اجلاس میں پاکستان کےجوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول پروگرام پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔