اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام صوبوں کو اسپتالوں میں طبی سہولتیں بڑھانے کی ہدایت کردی اور کورونا بڑھنے کی صورت میں مزید سخت اقدمات کا عندیہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں این سی او سی نے کورونا کے بڑھتےہوئےرجحان پر تشویش کا اظہار کیا اور صوبوں کو اہم ہدایات جاری کر دیں۔
این سی او سی نے کہا کہ صوبے اسپتالوں میں طبی سہولتوں کی دستیابی یقینی بنائیں اور اسپتالوں میں دستیاب طبی سہولیات کا فوری جائزہ لیتے ہوئے اسپتالوں کی طبی صلاحیت میں اضافے کےہنگامی اقدامات کریں۔
این سی او سی نے ہدایت کی کہ صوبے جاری کوروناایس او پیز پرعمل درآمد یقینی بنائیں، کورونا بڑھنے کی صورت میں مزید سخت اقدمات کیےجا سکتے ہیں، صوبےممکنہ سخت اقدامات کے لیے انتظامی تیاریاں مکمل رکھیں۔
این سی او سی نے ایک روز قبل کرونا کی تیزی سے بگڑتی صورت حال کے حوالے سے اجلاس کیا جس میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کے لیے ماسک لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
این سی او سی نے شادی ہال، مارکیٹس اور مال رات دس بجے بند کرنے کی ہدایت کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں بصورت دیگر صورت حال خطرناک ہوسکتی ہے۔