اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اہم اجلاس میں کرونا وائرس کے حوالے سے نئی مجوزہ پابندیاں پیش کی گئیں، کرونا وائرس کی نئی پابندیوں کا اطلاق آئندہ 48 گھنٹے میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اہم اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر اور میجر جنرل ظفر اقبال کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی مجموعی صورتحال اور ویکسی نیشن کی رفتار پر غور کیا گیا، این سی او سی نے کرونا کیسز میں بتدریج اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔
صوبوں نے این سی اوسی کو پابندیوں پر عملدر آمد اور ویکسی نیشن پر بریفنگ دی، این سی او سی نے تعلیمی اداروں میں ویکسی نیشن تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں کرونا وائرس کے حوالے سے نئی مجوزہ پابندیاں این سی او سی کو پیش کی گئیں۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق این سی اوسی نے کرونا وائرس کے حوالے سے نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے صوبوں سے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی گئی، نئی پابندیوں پر اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق کرونا وائرس کی نئی پابندیوں کا اطلاق آئندہ 48 گھنٹے میں ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس کیسز کی 10 فیصد مثبت شرح والے شہروں میں نئی پابندیاں ہوں گی۔