اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے صوبوں کو 250 اضافی وینٹی لیٹرز فراہم کردئیے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق این سی او سی نے صوبوں کو 250 اضافی وینٹی لیٹرز فراہم کردئیے، وینٹی لیٹرز صوبوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے دئیے گئے ہیں۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ وینٹی لیٹرز آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد کو بھی فراہم کیے گئے ہیں، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، لاہور کے لیے 72 وینٹی لیٹرز فراہم کیے گئے ہیں۔
اسی طرح پشاور، ایبٹ آباد کے لیے 52، کوئٹہ میں 20، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں 10، 10 وینٹی لیٹرز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ پمز میں 24، پولی کلینک میں 10 وینٹی لیٹرز فراہم کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک میں کورونا کے 4ہزار734 نئے کیس رپورٹ، مزید 97 اموات
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کرونا آئسولیشن کے لیے مخصوص اسپتالوں کی تعداد 747 ہے، 22 ہزار 589 بیڈ کرونا مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 5 ہزار 60 ہے، 5 ہزار 60 بیڈ پر آکسیجن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، 1400 وینٹی لیٹرز موجود ہیں جن میں سے صرف 32 فیصد زیر استعمال ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل این سی او سی نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ملک میں24گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے97افراد انتقال کرگئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد1935ہوگئی۔