اسلام آباد : وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سنٹر(این سی او سی) کا خصوصی اجلاس آج ہوگا، جس میں امتحانات اور کورونا کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کیمرج امتحان کی اجازت سخت ایس اوپیز کیساتھ مشروط تھی ، اطلاعات کے مطابق امتحانی مراکزکے باہر ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال خراب رہی، آج این سی اوسی میں امتحانات اور کورونا پھیلنے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔
کیمرج امتحانات کی اجازت کورونا SOPs کے مکمل عملدرآمد کی شرط کے ساتھ دی گئی تھی.اطلاعات کے مطابق امتحانی مراکز کے باہر SOPs پر عملدرآمد کی صورتحال خراب رہی۔ اس کا اور کورونا کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ آج NCOC کے خصوصی اجلاس میں لیا جائے گا ۔ وفاقی وزیر تعلیم @Shafqat_Mahmood
— Ministry of Federal Education/ProfessionalTraining (@EduMinistryPK) April 27, 2021
گذشتہ روز لاہور میں برٹش کونسل کے تحت او لیول امتحانات کا آغاز ہوا تھا، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کیمبرج سے متعلق ٹوئٹ میں کہا تھا کہ انھوں نے کیمبرج سے کہا کہ غیر معمولی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے باقی پیپرز لیے جانے سے متعلق 13 ماہ کی شرط پر نظر ثانی کی جائے، میں پُر امید ہوں کہ جلد مثبت فیصلہ آئے گا۔
شفقت محمود نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کچھ لوگ سستی شہرت کے لیے امتحانی مراکز کی جعلی تصاویر پھیلا رہے ہیں، اس سے ان کا مقصد ناکام ہو چکا ہے، جعلی تصاویر پھیلانے والے طلبہ کو آگے بڑھتا نہیں دیکھنا چاہتے۔
خیال رہے پاکستان میں نئے کرونا وائرس سے پھیلنے والی وبا کی تیسری لہر جاری ہے، ملک بھر میں کیسز کے ساتھ اموات کا سلسلہ بھی بڑھتا جا رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 142 مریض جان کی بازی ہار گئے۔