انجری کا شکار ہو کر ایشیا کپ سے باہر ہونے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا اب روبہ صحت ہیں اور انہوں نے چہل قدمی شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ اپیلی کیشن انسٹا گرام پر رویندرا جڈیجا نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کامیاب سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہورہا ہوں، ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ایک وقت میں ایک قدم رکھ رہا ہوں۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کامیاب سرجری کے بعد اپنے گھر منتقل ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں انجری کے باعث رویندرا جڈیجا کے گھٹنے کی کامیاب سرجری ہوئی تھی، انجری کے باعث وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے بھی باہر ہو گئے تھے۔
بی سی سی آئی کے اہم عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ بھارتی آل راؤنڈر کی انجری سنگین نوعیت کی ہے، اس سے چھٹکارہ پانے کے لئے بڑی سرجری سے گزرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: رویندرا جڈیجا ایشیا کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے بھی باہر
عہدیدار نے مزید بتایا کہ جڈیجا کو کرکٹ کے میدانوں میں واپسی کے لئے چھ کم وبیش چھ ماہ درکار ہیں، بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی سے قبل انہیں بحالی کا مکمل پروگرام بھی درکار ہوگا۔
یاد رہے کہ رویندرا جڈیجا نے پاکستان کے خلاف میچ میں 29 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ آل راؤنڈر نے ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں بھی شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 15 رنز دئیے تھے۔
View this post on Instagram