اسلام آباد: شمالی علاقہ جات میں آئندہ چند روز کے درمیان برفباری اور بارشوں سے قبل این ڈی ایم نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے شمالی علاقہ جات باالخصوص مری اور گلیات میں آئندہ چند روز کے درمیان برف باری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، مزید بارشوں اور برف باری کی پیشن گوئی کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سےنمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں، تاکہ کسی جانی ومالی نقصان سےبچاجا سکے، صوبائی ،ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز متعلقہ محکموں سے رابطہ قائم کرے، حساس مقامات پرمشینری، ایمرجنسی سامان اور عملےکی موجودگی یقینی بنائی جائے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے مسافروں اور سیاحوں کو موسم صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لئے اقدامات کریں۔
یہ بھی پڑھیں: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازیں متاثر
این ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ رواں ماہ ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری کے باعث قیمتی 23 جانوں کا ضیاع ہوا تھا گوکہ واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آچکی ہے اور ذمے داران کے خلاف کارروائی کا عمل بھی جاری ہے تاہم این ڈی ایم اے کی جانب سے پیشگی اقدامات قابل تحسین عمل ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مزید ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہےجبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شد ید دھند کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، لاہور اور وسطی پنجاب میں بھی مطلع ابر آلود اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔