این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے لیے گلوف الرٹ جاری کرتے ہوئے انتظامیہ اور عوام دونوں کو متنبہ کر دیا ہے۔
پاکستان اس وقت مون سون کی لپیٹ میں ہے اور دوسرا اسپیل ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں برسا رہا ہے۔ ایسے میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے لیے گلوف الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کے پی اور جی بی دونوں جگہوں پر گلیشیئر جھیلیں پھٹنے سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے اس حوالے سے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز کو صورتحال کی مکمل نگرانی کی ہدایت کرنے کے ساتھ ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، سول ڈیفنس اور ایمبولینس سروس کو الرٹ رکھنے کی بھی ہدایات کی ہیں۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ حساس علاقوں میں فوری وارننگ جاری کرنے کے ساتھ وہاں سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کو بحفاظت انخلا یقینی بنانے کے لیے مشقیں کی جائیں۔ متعلقہ ادارےحساس علاقوں میں ایمرجنسی مشینری اور آلات کی بروقت دستیابی یقینی بنائیں۔
این ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے عوام سمیت سیاحوں کو بھی متنبہ کیا ہے کہ وہ نالوں، دریاؤں، تیز بہاؤ والی آبی گزرگاہوں کے قریب نہ جائیں۔
واضح رہے کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے اس سے قبل بھی کے پی اور شمالی علاقہ جات میں گرمی کے باعث گلیشیئر اور جھیلیں پھٹنے سے سیلاب کا انتباہ جاری کر چکے ہیں۔
گزشتہ دنوں دریائے سوات میں بھی اچانک سیلابی ریلا آ جانے سے 70 سے زائد سیاح بہہ گئے تھے۔ انمیں سے 50 سے زائد کو بچا لیا گیا، تاہم ایک درجن سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اکثر کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔