ایشیائی فلم پہلی بار 2 ارب ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی، اب تک صرف ہالی وڈ کی فلموں نے ہی دنیا بھر میں 2 ارب ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق اب پہلی بار ایک ایشیائی فلم نے یہ منفرد اعزاز حاصل کرلیا ہے اور یہ کوئی بالی وڈ یا بھارتی فلم نہیں بلکہ چین کی ایک کارٹون یا انیمیٹڈ فلم ہے۔
نی زہا 2 نامی چینی فلم نے باکس آفس پر حیران کُن کامیابی حاصل کرنے سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا ہے، فلم نے 3 سے 9 مارچ کے دوران 3 کروڑ 82 لاکھ سے زائد ڈالرز کا بزنس کیا۔اس طرح اس فلم کی مجموعی آمدنی 2.04 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی۔
رپورٹس کے مطابق ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی ایشیائی اور انیمیٹڈ فلم نے 2 ارب ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
اس سے قبل سب سے زیادہ بزنس کرنے والی انیمیٹڈ فلم کا اعزاز انسائیڈ آؤٹ 2 نے حاصل رکھا تھا، جس نے ایک ارب 70 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔
29 جنوری 2025 کو ریلیز ہونے والی فلم مجموعی طور پر 7 ویں فلم ہے جس نے 2 ارب ڈالرز سے زائد کی کمائی کرلی ہے، یہ فلم متعدد ممالک میں آئندہ ہفتوں میں ریلیز ہوگی تو اس کی آمدنی مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
اگر بات کی جائے دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں کی تو یہ فلم چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہے اور ایوینجرز انفٹنی وار کو بھی مات دیدی ہے۔
تارک مہتا کا الٹا چشمہ کے ٹپو اور سونو کی شادی، صارفین کا دلچسپ رد عمل
واضح رہے کہ نی زہا 2 ابھی 2025 میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن چکی ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ ریکارڈ سال کے اختتام تک اسی فلم کے پاس رہے گا۔