اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ’نیلی زندہ ہے‘ کی کاسٹ نے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی اور شوٹنگ کے دوران پیش آئے واقعے سے متعلق بتایا۔
ڈرامہ سیریل ’نیلی زندہ ہے‘ کی ہدایت کاری کے فرائض قاسم علی مرید نے انجام دئیے، رائٹر عدیل رزاق ، پروڈیوسر شہزاد نصیب اور ہمایوں سعید ہیں جب کہ کاسٹ میں محب مرزا، عروہ حسین، سونیا مشعال، جنان حسین، آغا مصطفےٰ اور محمد احمد نمایاں ہیں۔
سونیا مشعال اس ڈراؤنے ڈرامے میں محب مرزا کی بیوی کا کردار کررہی ہیں جن کی ایک بیٹی بھی ہے۔
شو کی میزبان ندا یاسر نے کاسٹ سے پوچھا کہ زندگی میں کبھی ہم کسی جگہ بیٹھے ہوں تو ہمیں ایسا لگے کہ برابر میں کوئی بیٹھا ہے ایسا کبھی کسی کے ساتھ ہوا ہے، اداکار محب مرزا نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ’نیلی‘ کے شوٹ میں ایسا واقعہ پیش آیا تھا۔
اداکارہ سونیا مشعال نے بتایا کہ کبھی ایسا کوئی پروجیکٹ شروع کریں تو ایسا کچھ ہوتا ہے، نیلی زندہ ہے کہ شوٹ میں بھی ہمارے ساتھ ایسا ہوتا تھا کہ لائٹ اچانک بند ہوجاتی تھیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ خصوصی طور پر جب نیلی کا سین ہوتا تھا تو لائٹس بند ہوجاتی تھیں۔
واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’نیلی زندہ ہے‘ کی پہلی قسط نشر کی جارہی ہے، ڈرامہ ہر جمعرات کی رات 8 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل پر دیکھنا نہ بھولیں۔