پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ نیلم منیر نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے مقصد اور خواب کے بارے میں پہلی بار کھل کر اظہار کر دیا۔
نیلم منیر نے انسٹاگرام پر سوال جواب کا سیشن رکھا جس میں مداحوں نے شرکت کی۔ فیز کی جانب سے پوچھے گئے سوالات اور اداکارہ کی جانب سے دیے گئے جوابات کے اسکرین شارٹس سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔
ایک مداح نے پوچھا کہ ’آپ کا خواب کیا ہے؟‘ اس پر نیلم منیر کی جانب سے دے گئے جواب نے سرخیوں میں جگہ بنائی۔
متعلقہ: فیملی پوچھتی ہے شادی کے بارے میں کیا ارادہ ہے، نیلم منیر
انہوں نے جواب میں لکھا، ’خواب یہ ہے کہ بے شک موت برحق ہے، میں چاہتی ہوں میری نماز جنازہ بہت اچھی ہو۔ اللہ کے حکم سے مجھے جنت میں اعلیٰ مقام حاصل ہو۔‘
نیلم منیر نے لکھا کہ ’اللہ مجھے بخش دے، مجھ پر رحم فرمائے، مجھے ہدایت دے اور اُن لوگوں میں شامل کرے جو اللہ پاک کو پسند ہوں۔ میری کوئی دنیاوی خواہش نہیں، اپنی آخرت کی تیاری کرنی ہے اور یہی میرا خواب ہے۔‘
نیلم منیر کا شمار پاکستان کی نامور اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے متعدد ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
اداکارہ نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’پیار دیوانگی ہے‘ میں رابی کا مرکزی کردار نبھایا تھا۔ ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں سمیع خان، شجاع اسد، گل رعنا، جاوید شیخ ودیگر شامل تھے۔
اس سے قبل نیلم منیر اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ڈرامہ سیریل ’دل موم کا دیا‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔