پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ بن گئے اور قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، ایسے میں ارشد ندیم کے مخالف نیرج چوپڑا کی والدہ کا بھی اہم بیان سامنے آیا ہے۔
پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے مخالف بھارت کے نیرج چوپڑا کی والدہ نے ارشد ندیم کو بھی اپنا بیٹا قرار دیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گزشتہ رات ہونے والے اہم مقابلے میں ارشد ندیم نے ریکارڈ تھرو کے بعد جہاں سونے کا تمغہ جیتا وہیں بھارت سے تعلق رکھنے والے نیرج چوپڑا چاندی کا تمغہ حاصل کر پائے ہیں۔
View this post on Instagram
نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی بیٹے کے چاندی کے تمغے پر خوش دکھائی دیں۔ ساتھ ہی انہوں نے ارشد ندیم کو بھی ’اپنا بیٹا‘ قرار دے دیا ہے۔
نیرج کی والدہ نے کہا کہ ہمیں بے حد خوشی ہے، ہمارے لیے چاندی کا تمغہ بھی سونے کے مترادف ہے۔ سونے کا تمغہ حاصل کرنے والا بھی میرے بیٹے جیسا ہی ہے۔ وہ زخمی تھا، مگر ہم بچے کی پرفارمنس سے خوش ہیں۔
دوسری جانب پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو ایونٹ میں اہم کامیابی حاصل کرکے ملک کا نام روشن کرنے والے ارشد ندیم کی والدہ نے کہا ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کی کامیابی کے لیے بہت دعائیں کی، خوشی ہے کہ بیٹے نے ملک کا نام روشن کیا۔
ارشد ندیم کی کامیابی پر ان کے گھر کے باہر جشن کا سما ں تھا، اس موقع پر ارشد ندیم کی والدہ کا کہنا تھا کہ بیٹے کے استقبال کے لیے پھول لے کر جاؤں گی۔
گولڈ میڈل کے ساتھ 14 اگست منائیں گے، ارشد ندیم
ارشد ندیم کی والدہ نے کہا کہ پوری قوم نے بھی میرے بیٹے کی کامیابی کے لیے دعا کی، اللہ کا بہت شکر ہے کہ بیٹے نے کامیابی حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا۔