جوہری پروگرام پر ایران اور امریکا کے مذاکرات کا اگلا دور اٹلی میں ہو گا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران اور امریکی وفد میں مذاکرات کا اگلا مرحلہ روم میں ہو گا جس کی اٹلی کے وزیرخارجہ انتونیو تاجانی نے تصدیق کر دی ہے۔
فریقین اور ثالث سلطنت عمان نے اگلے مرحلے کے لیے روم کو میزبانی کو تجویز کیا ہے۔
ایران اور امریکا مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے۔ پہلےدور میں دونوں ممالک کےدرمیان مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا تھا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غیر منصفانہ تجارتی توازن پر کوئی ملک ٹیرف سے نہیں بچے گا جبکہ ایران سے متعلق فیصلہ جلد کرلیا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ ٹیرف سے خاص طور پر چین نہیں بچے گا جو ہم سے بدترین سلوک کرتا ہے، موبائل فونز پر ٹیرف کا اعلان جلد کریں گے لیکن اس میں تھوڑی لچک ہو گی۔
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ سیمی کنڈکٹر ٹیرف پر کچھ کمپنیوں کے لیے لچک ہو گی لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے۔ سیمی کنڈکٹرز پر ٹیرف کی شرح کا اعلان اگلے ہفتے کریں گے۔