ممبئی: نامور بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ کے مداح اُس وقت سخت پریشانی میں مبتلا ہوگئے جن انہوں نے سوشل میڈیا پر ان کی گرفتاری کی تصاویر دیکھیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک صارف نے کچھ تصاویر پوسٹ کیں جن میں دیکھا گیا کہ پولیس اہلکار نیہا ککڑ کو گرفتار کر کے لے جا رہے ہیں جبکہ گلوکارہ رو رہی ہیں۔
تصاویر شیئر کرنے والے صارف نے کیپشن میں لکھا کہ ’نیہا ککڑ کے کیریئر کا المناک خاتمہ! آج صبح کی خبر تمام ہندوستانی لوگوں کیلیے ایک صدمہ تھی!‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’میں نے پائل ہے چھنکائی‘ کا ری میک بنانا نیہا ککڑ کو مہنگا پڑ گیا
بعدازاں معلوم ہوا کہ مذکورہ تصاویر اے آئی کی مدد سے تیار کی گئیں۔ اصل تصاویر میں پولیس اہلکار ایک خاتون کو گرفتار کر کے لے جا رہے تھے جبکہ وائرل تصاویر میں خاتون کا چہرہ نیہا ککڑ کے چہرے سے تبدیل کیا گیا۔
گلوکارہ نے اب تک وائرل ہونے والی تصاویر پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
نیہا ککڑ نے بالی وڈ میں بطور کورس سنگر فلم ’میرا بائی ناٹ آؤٹ‘ سے ڈیبیو کیا۔ بعدازاں وہ سیکنڈ ہینڈ جوانی، سنی سنی، لندن تھمکدا، کر گئی چل، کالا چشمہ اور گرمی سمیت کچھ مقبول گانوں میں پرفارم کیا۔
وہ انڈین آئیڈل اور سپر اسٹار سنگر جیسے شوز کی میزبانی کیلیے بھی مشہور ہیں۔
سال 2020 میں نیہا ککڑ نے گلوکار روہن پریت سنگھ سے شادی کی تاہم 2024 میں ان کی طلاق کی افواہوں نے سب کو چونکا دیا تھا۔
بعد میں ایک انٹرویو کےد وران روہن پریت سنگھ نے قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی خبروں سے ہمارا رشتہ متاثر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا تھا کہ کسی بھی قسم کی افواہ ہمیں پریشان نہیں کرتی اور نہ ہی ہمارے تعلقات کو متاثر کرتی ہے۔