اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے سینیٹرنہال ہاشمی نے گورنر سندھ کی تبدیلی پر نرالی وجہ دی کہ عشرت العباد کے جانے سے صوبہ دہشت گردی سے پاک ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینیٹرنہال ہاشمی نے گورنر سندھ کی تبدیلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ سے دہشت کی آخری نشانی ختم ہوگئی ہے۔
ن لیگ کے سینیٹر نے کہا کہ متحدہ بانی نے چودہ سال پہلے دہشتگرد تنظیم کا نمائندہ گورنر ہاؤس بھیجا تھا، اس کا دورختم ہوگیا ہے، عشرت العباد کو باہر جانے کی اجازت دینے کا سوال حکومت سے کریں گے۔
نہال ہاشمی نے کہا گورنرہاؤس سندھ میں اب نوازشریف کے چاہنے والوں کا ڈیرہ ہے، نئے گورنر کی تقرری سے صوبے کو پر امن بنانے میں مدد ملے گی۔
نہال ہاشمی نے ڈاکٹر عشرت العباد کو پاکستان مخالف اور آمریت کی پیداوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ آمر کے دورمیں دہشتگردی نے شہر میں فروغ پایا۔ قتل، ٹارگٹ کلنگ عام ہوئی تھی۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے نہال ہاشمی کے بیان پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی کابیان حکومت یا مسلم لیگ(ن) کا مؤقف نہیں، یہ نہال ہاشمی نے ذاتی رائے کا اظہار کیا ہے۔
مزید پڑھیں : جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی گورنر سندھ تعینات
واضح رہے کہ دو روز قبل جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ گورنر سندھ تعینات کیا گیا تھا،
گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ صدرِ مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات میں کیا گیا، اطلاعات کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے یہ تعیناتی وزیراعظم نواز شریف کی سفارش پر کی تھی۔
جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس بھی رہے ہیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو پاکستان کے طویل ترین گورنر بننے کا اعزاز حاصل ہے،تقریباً 14 برس تک گورنر سندھ کے عہدے پر فائز رہنے والے عشرت العباد ایشیا کے دوسرے اور دنیا بھر میں تیسرے طویل المدتی گورنر ہیں۔