نیپال میں ایک بار پھر 4.1 شدت کے زلزلے نے عوام میں خوف و ہراس پیدا کردیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہفتے میں آنے والے دوسرے زلزلے نے عوام کو مزید خوف میں مبتلا کردیا ہے، آج صبح کے وقت نیپال میں زلزلہ کے 2 جھٹکے محسوس کیے گئے، حالانکہ ان زلزلوں سے کسی جانی نقصان کی اطلاع فی الحال موصول نہیں ہوئی ہے۔
نیپال کے قومی زلزلہ نگرانی مرکز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کٹھمنڈو سے تقریباً 300 کلومیٹر دور باگلونگ ضلع میں صبح 6.20 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر جن کی شدت 4.1 درج کی گئی۔
اس کے علاوہ ایک زلزلہ سے متعلق زلزلہ نگرانی مرکز کا کہنا تھا کہ علی الصبح 3.14 بجے باگلونگ سے تقریباً 40 کلومیٹر دور میاگدی ضلع میں آیا تھا۔ ریکٹر پیمانے پر اس کی شدت 4 درج کی گئی اور اس کا مرکز میاگدی ضلع کا موری علاقہ تھا۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو بھی نیپال میں زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، جس کی شدت 6.1 تھی۔ چونکہ یہ زیادہ تیز تھا اس لیے لوگوں کے گھروں کے پنکھے، کھرکی، دروازے سبھی ہل گئے تھے۔ یہ زلزلہ دیر شب تقریباً 2.51 بجے آیا تھا، جس نے نیپال کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں خوف پیدا کردیا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ خلیجِ بنگال کے مختلف علاقے زلزلے سے لرز اُٹھے تھے، جس کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔
جاپان میں آئندہ سالوں میں کتنا خوفناک زلزلہ آسکتا ہے؟ حیران کن پیشگوئی
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ صبح 6 بج کر 10 منٹ پر خلیجِ بنگال میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
رپورٹس کے مطابق خلیجِ بنگال میں یہ زلزلہ 91 کلو میٹر کی گہرائی میں آیا جبکہ زلزلے کے جھٹکے مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔