کھٹمنڈو : کہا جاتا ہے کہ تعلیم کے حصول کیلئے کوئی عمر نہیں ہوتی اور یہ بات نیپال کے بزرگ طالب علم دُرگا کامی نے ثابت کردی ہے، جنہوں نےاڑسٹھ سال کی عمر میں تعلیم سے رشتہ جوڑ لیا ہے، دُرگا روز صبح اٹھتے ہیں اور یونیفارم پہن کر اسکول جاتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال کے اڑسٹھ سالہ دُرگا کامی غربت کی وجہ سے اپنی تعلیم مکمل نہیں کر پائے تھے لیکن اب انھوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ استاد بننے کا اپنا پرانا خواب پورا کریں گے۔ اس لئے انہوں نے دوبارہ تعلیم سے رشتہ جوڑ لیا ہے۔
درگا کامی لاٹھی کی مدد سے روزانہ ایک گھنٹے کا سفر طے کر کے اسکول جاتے ہیں، دُرگا اس وقت دسویں جماعت کے طالب علم ہیں جب کہ ان کے سارے ہم جماعت چودہ سے پندرہ سال کی عمر کے ہیں۔
درگا کامی کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ وہ اپنے والد کی عمر کے شاگرد کو پڑھا رہے ہیں۔
درگا کامی کےچھ بچے اور آٹھ پوتے ہیں جبکہ انکے ہم جماعت بچے انھیں با بلاتے ہیں جس کا مطلب والد ہے۔
تصاویر: نویش چتراکر