مہنگی بجلی سے پریشان عوام کے لیے قیمتوں میں معمولی کمی کر دی گئی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق سرکاری ڈسکوز صارفین کیلئے بجلی 75 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے۔
کےالیکٹرک صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 49 پیسےکمی کی منظوری دی گئی۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ مد میں بجلی سستی کی گئی۔ سرکاری ڈسکوز کے صارفین کیلئے نومبر کے ایف سی اے مد میں کمی کی گئی۔
کےالیکٹرک صارفین کیلئے قیمت میں کمی اکتوبر کے ایف سی اے مد میں کی گئی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمت کم نہیں ہوگی تو انڈسٹری ، زراعت اور ایکسپورٹ ترقی نہیں کرے گی، گزشتہ ہفتے بجلی کی قیمتوں پر میٹنگ کی تھی، بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا۔
دیگر ممالک میں بجلی ٹیرف
سابق نگراں وزیر گوہر اعجاز نے پاکستان کے مقابلے دیگر ممالک کے بجلی ٹیرف کی تفصیلات جاری کردیں۔ گوہر اعجاز نے بتایا کہ علاقائی ممالک کے مقابلے پاکستان میں مہنگی بجلی فراہم کی جا رہی ہے، پاکستان میں صنعتوں کیلئے بجلی کا نرخ 44 روپے 56 پیسے فی یونٹ ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس کے مقابلے مصر میں بجلی کانرخ 10 روپے 58 پیسے ، ترکی میں 16 روپے 43 پیسے فی یونٹ، بنگلادیش میں بجلی کی قیمت 20 روپے 89 پیسے فی یونٹ ہے۔
سابق وزیر نے مزید بتایا کہ بھارت میں صنعتوں کو بجلی 23 روپے 39 پیسے فی یونٹ میں دی جا رہی ہے جبکہ ویتنام اور سری لنکا میں بجلی کی قیمت 23 روپے 67 پیسے فی یونٹ ہے۔
سابق وفاقی نگراں وزیر نے کہا کہ حکومت بجلی صارفین کیلئے بجلی کا نرخ 26 روپے فی یونٹ مقرر کرے، انرجی سیکٹر میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی اور ادائیگی صرف بجلی پیدا کرنے پر کی جائے، بجلی پیدا نہ کرنے والے آئی پی پیز کو ادائیگیاں روکی جائیں، خسارے کا شکار بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کی جائے۔