اسلام آباد : گیس نہیں ہے تو فرنس آئل سے بجلی کیوں نہیں بنائی جارہی؟ نیپرا نے کے الیکٹرک کو بجلی کے بحران کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا (نیشنل پاور اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی) نے شہر قائد میں بجلی کے بحران کی ذمہ داری کے الیکٹرک پر عائد کردی، اپنی جاری کردہ رپورٹ میں نیپرا کا مؤقف ہے کہ گیس نہیں ہے تو کے الیکٹرک فرنس آئل سے بجلی کیوں نہیں بنارہی؟
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کورنگی کمبائنڈ پلانٹ اور بن قاسم پلانٹ دو متبال فیول سے چلائے تو لوڈشیڈنگ میں کمی آسکتی ہے۔
دونوں پلانٹ متبادل فیول سے نہ چلانا کے الیکٹرک کی نااہلی اورغفلت کے مترادف ہے۔ نیپرا نے کے الیکٹرک کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے، نیپرا نے یہ فیصلہ 5 رکنی کمیٹی کی رپورٹ پر کیا ہے۔
نیپرا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت دونوں فریقین کا گیس بحالی کا تنازعہ حل کرائے، کے الیکٹرک کو گزشتہ سال کی بہ نسبت 50 سے 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کم مل رہی ہے لیکن کورنگی اور بن قاسم کے گیس پلانٹس پر متبادل فیول کا نظام موجود ہونے کے باوجود انہیں استعمال نہیں کیا گیا، گیس نہ ملنے پر ان پلانٹس کو ہائی اسپیڈ ڈیزل یا متبادل ایندھن پر نہ چلانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، نیپرا کا نوٹس، کے الیکٹرک سے جواب طلب
واضح رہے کہ نیپرا نے ایک ہفتے قبل کراچی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے گیس کی کمی کے حوالے سے کے الیکٹرک کا مؤقف مسترد کردیا تھا، نیپرا نے کے الیکٹرک سے جواب طلبی کرتے ہوئے اعلیٰ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔