اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے نیپرا کی عوامی سماعت کے دوران کہا کہ حکومت کے لیے سستی بجلی کی پیداوار چیلنج ہے، مہنگی بجلی کے بجائے سستی بجلی پر مکمل توجہ دی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی بجلی کی پیداواری صلاحیت بڑھانے پر عوامی سماعت منعقد ہوئی۔ چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی اور ارکان نے عوامی سماعت کی۔
چیئرمین نیپرا توصیف فاروقی کا کہنا تھا کہ بجلی کی بڑھتی طلب اور پیداوارمیں بہتری کے لیے کوشاں ہیں، سستے ذرائع سے سستی اور گرین انرجی پہلی ترجیح ہے۔ صارفین کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے نظام میں سنجیدہ مسائل ہیں۔ پاور سیکٹر ملک کی معیشت کے لیے اہم ترین حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے سستی بجلی کی پیداوار چیلنج ہے، مہنگی بجلی کے بجائے سستی بجلی پر مکمل توجہ دی جا رہی ہے۔ ماضی میں سستی بجلی کی پیداوار پر توجہ نہیں دی گئی۔