منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

حافظ نعیم کا مطالبہ، عید کے بعد کلا بیک کے حوالے سے نیپرا کی ٹیم کراچی بھیجنے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کے مطالبے پر نیپرا نے عید کے بعد کلا بیک کے حوالے سے اپنی ٹیم کراچی بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطاب حافظ نعیم الرحمٰن نے نیپرا کی لیگل ٹیم کو کراچی کے صارفین کے کلا بیک کی مد میں 42 ارب روپے واپسی کے لیے کراچی بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔

انھوں نے کہا نیپرا کی لیگل ٹیم کراچی آئے تاکہ کے الیکٹرک کا کلا بیک کے خلاف عدالتی اسٹے ختم کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جائے، جس پر چیئرمین نیپرا نے حافظ نعیم کے دلائل کی تائید کرتے ہوئے عید کے بعد نیپرا ٹیم کراچی بھیجنے کا اعلان کیا، انھوں نے کہا ہم آپ کی بات اور دلائل کی قدر کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا کی آن لائن سماعت میں شرکت کی تھی، اس دوران انھوں نے دلائل دیے اور کہا جماعت اسلامی بڑی ذمہ داری اور تیاری کے ساتھ سماعت میں عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کے الیکٹرک پاکستان کی مہنگی ترین بجلی بناتی ہے، کراچی کے شہری لوڈ شیڈنگ سے تنگ آ چکے ہیں، بن قاسم پلانٹ تھری بار بار اعلان کے باوجود اب تک مکمل آپریشنل نہیں ہوا، کے الیکٹرک نے اپنے معاہدے کے مطابق بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہیں کیا، سوال یہ ہے کہ نیپرا کے پاس کے الیکٹرک کی کپیسٹی ناپنے کا کیا پیمانہ ہے؟

انھوں نے کہا کے الیکٹرک بس نمبر فراہم کرتا ہے عملی طور پر کچھ نہیں کرتا، کے الیکٹرک کا میٹر ویریفائی کرنے کا کوئی غیر جانب دار ادارہ بھی موجود نہیں ہے، کے الیکٹرک ہر بات پر عدالت سے اسٹے آرڈر لے لیتا ہے، لیکن نیپرا کی لیگل ٹیم اسٹے آرڈرز پر کیا کردار ادا کر رہی ہے؟

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کلا بیک کے 42 ارب روپے صارفین کو اب تک ادا نہیں کیے گئے، جماعت اسلامی نیپرا کی لیگل ٹیم کو کراچی میں سپورٹ کرے گی۔

انھوں نے سوالات اٹھائے کہ کیا 2023 میں کے الیکٹرک کا معاہدہ ختم ہوگا؟ کراچی والوں کی کے الیکٹرک سے جان کب چھوٹے گی؟ نیپرا نئی کمپنیوں سے رابطے کے لیے کیا کام کر رہی ہے؟

حافظ نعیم نے کہا صنعتوں کے گیس کنکشن کاٹ دیے گئے ہیں مگر اب ان سے کہا جا رہا ہے کہ اپنی بجلی خود پیدا کر لیں، صنعتوں کو پہلے مجبور کیا گیا تھا کہ وہ کے الیکٹرک سے ہی بجلی خریدیں، کے الیکٹرک کو مزید ایک دن کے لیے بھی لائنسس نہیں جاری کرنا چاہیے۔

انھوں نے کہا یہ کیسے ممکن ہے کہ کسی علاقے سے ریکوری کم ہو رہی ہو تو پورے علاقے کی بجلی کاٹ دی جائے، کم ریکوری پر پورے علاقے کی بجلی کاٹنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کی جائے۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں