اسلام آباد : نیپرا نے کراچی میں حالیہ بارشوں کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے قیمتی جانوں کے ضائع اور صارفین کو بجلی سپلائی میں تعطل پر کے الیکٹرک کیخلاف غفلت برتنے کے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں حالیہ بارشوں کے دوران بلا کتوں اور بریک ڈاؤن پر نیپرا ایکشن میں آگیا، نیپرا نے کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات پر کے الیکٹرک کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے غفلت برتنے کے الزامات کی باضابطہ تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
نیپرا کے سینئر افسران کے الیکٹرک حکام سے تحقیقات کرکے 15دن کے اندررپورٹ جمع کرائیں گے۔
کراچی میں مون سون کی بارش کے دوران متعددعلاقوں میں پانی جمع دیکھاگیا اور بارش کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں سے کرنٹ لگنے کے واقعات سامنے آئے، بجلی اور کرنٹ لگنے واقعات کے کے الیکٹرک کی نیپرا کے قوانین کی خلاف ورزی اورغفلت کو ثابت کرتے ہیں۔
نیپرا کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کے خلاف قوانین 27A کے تحت کاروائی اورتحقیقیات کرنے کافیصلہ کیا ، کے الیکٹرک کی غفلت سے بارشوں کے دوران قیمتی جانوں کاضیاع ہوا اور ابتر نظام کی وجہ سے صارفین بجلی کی سہولت سے محروم رہے۔
مزید پڑھیں :کرنٹ سے ہلاکتیں: کے الیکٹرک کے خلاف ساتویں ایف آئی آر درج، کوئی گرفتاری عمل میں نہ آئی
یاد رہے کراچی میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی اور دو ہفتے میں تقریبا 33 کے قریب افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے تھے ، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جس کے بعد اب تک کے الیکٹرک کیخلاف رجسٹرڈ ہونے والے کیسز کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہیں۔