یروشلم : اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کا مسودہ کل کابینہ کی منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے لبنان میں سیز فائر معاہدے کی منظوری دے دی اسرائیلی وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا ہے کہ کابینہ میں منگل کو لبنان کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے پر باقاعدہ ووٹنگ ہوگی۔
اسرائیلی افواج نے لبنان کے دارالحکومت پر مزید فضائی حملے کیے، جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 31 افراد شہید ہوچکے ہیں۔ اس کے جواب میں حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر راکٹ حملے دوبارہ شروع کردیے ہیں۔
دوسری جانب غزہ کی پٹی میں اسرائیلی افواج نے شمالی علاقے میں تین حملوں کے دوران 11 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
فلسطین میں ہونے والی شدید بارش اور سیلابی صورتحال نے بے گھر فلسطینیوں کی حالت کو مزید ابتر کر دیا ہے، جو عارضی خیموں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری نسل کشی کے نتیجے میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 44,249 فلسطینی شہید اور 104,746 زخمی ہو چکے ہیں۔
7 اکتوبر کو حماس کے حملے میں اسرائیل میں کم از کم 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد یرغمال بنائے گئے تھے۔
لبنان میں، غزہ پر جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 3,768 افراد شہید اور 15,699 زخمی ہو چکے ہیں۔