ایپولیا : وسطی اٹلی میں جی 7 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں اسرائیل سے لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہوئے لبنان میں فوری جنگ بندی پر زور دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل حزب اللہ جنگ بندی کی حمایت کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کے دو روزہ اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ جس کے تحت اجلاس میں آئی سی سی کے فیصلے پرعمل درآمد کا اعلان کیا گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق اجلاس میں یو کرین، مشرق وسطیٰ سمیت عالمی مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، وزرائے خارجہ نے ملاقات کے پہلے روز مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
جی سیون وزرائے خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے آئی سی سی وارنٹ کی تعمیل کرینگے۔
عالمی فوجداری عدالت کے جاری وارنٹ پر متعلقہ ذمہ داریوں کی تعمیل کی جائے گی، بین الاقوامی انسانی حقوق کے لیے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
جی سیون وزرائے خارجہ اجلاس میں کینیڈا، جرمنی، فرانس، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا کے وزراء شامل تھے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے گزشتہ ہفتے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یووگیلنٹ کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔ امریکہ آئی سی سی کا رکن نہیں ہے اور اس کی قانونی عمل داری کو مسترد کرتا ہے۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم کیئراسٹارمر کا کہنا ہے کہ لبنان اور اسرائیل میں امن اور استحکام کے لیے جنگ بندی ہی واحد راستہ ہے، جنگ بندی ہی شہریوں کیلئے سلامتی کا واحد حل ہے، انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں طویل مدتی پائیدار امن چاہتے ہیں۔