تل ابیب: اسرائیل کی جانب سے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے شکریے کی صدائیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دفاع کے لیے اسرائیل کو بھاری ہتھیار دینے کی نئی اجازت پر اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں تعریفی کلمات کہے ہیں۔
نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان میں صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’اسرائیل کو اپنے دفاع، مشترکہ دشمنوں کا مقابلہ کرنے اور پرامن اور خوش حال مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری ہتھیار دینے کے وعدے پر عمل کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔‘‘
اتوار کو اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر نے بھی اسرائیل کو اہم دفاعی ہتھیار پہنچانے پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے گزشتہ سال اس وقت 2000 پاؤنڈ وزنی بموں کی فراہمی روک دی تھی، جب یہ ظاہر ہوا تھا کہ اسرائیل غزہ کے رہائشی علاقوں میں ایک بڑا زمینی آپریشن شروع کرنے کے لیے والا ہے، واشنگٹن اس آپریشن کا مخالف تھا۔
ٹرمپ نے اسرائیل کو 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بم فراہم کرنے کی اجازت دیدی
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اسرائیل نے جن ہتھیاروں کی درخواست کی تھی اور ادائیگی بھی کی لیکن بائیڈن نے وہ نہیں بھیجے، اب وہ سب ہتھیار بھیجے جائیں گے۔