اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے حماس کو خبردار کیا ہے کہ اگر قیدیوں کو رہا نہ کیا گیا تو وہ نتائج کا تصور بھی نہیں کر سکتی۔
یہ بات انہوں نے اسرائیلی پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران کہی۔
نیتن یاہو نے کہا کہ میں حماس سے کہتا ہوں کہ اگر آپ نے ہمارے یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا تو ایسے نتائج ہوں گے جن کا آپ تصور بھی نہیں کر سکتے۔
نیتن یاہو نے غزہ کے لیے ٹرمپ کی نقل مکانی کی تجویز کی حمایت کی۔ انہوں نے امریکی صدر کی جانب سے غزہ کو اپنی آبادی سے خالی کرنے کی تجویز کو "بہادر اور اختراعی” قرار دیا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ہمیں اس کی حمایت کرنی چاہیے ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں وقت آگیا ہے کہ انہیں چھوڑنے کی آزادی دی جائے۔ اب وقت آگیا ہے کہ انہیں انتخاب کی آزادی دی جائے۔
حماس
حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں کے باوجود جنگ بندی معاہدے کے لیے ‘پرعزم’ ہیں۔
حماس کے سینئر عہدیدار اسامہ حمدان نے کہا کہ فلسطینی گروپ نے اسرائیل کی خلاف ورزیوں کے باوجود معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں کو "صحیح اور بروقت” ادا کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ معاہدے کے باوجود قابض اسرائیل اور نتن یاہو ہمارے عوام کے خلاف جارحیت جاری رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ قابض اسرائیلی حکومت اس معاہدے کو ناکام بنانے میں دلچسپی رکھتی تھی اور اس مقصد کے لیے پوری کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روزانہ 50 آئل ٹینکر کے داخلے کی اجازت نہیں دی اور انسانی پروٹوکول کے تحت طے شدہ امداد اور تعمیر نو کے سامان کو غزہ میں لانے نہیں دیا گیا، جیسے کہ تیار شدہ گھروں کا داخلہ۔۔
اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیل نے تجارتی شعبے کو ہر قسم کے ایندھن کی درآمد سے روکا، اور 65 ہزار گھروں کے معاہدے کے باوجود صرف 15 گھروں کو غزہ میں لانے کی اجازت دی۔