کراچی: شہر قائد میں موبائل نیٹ ورکنگ کے مسائل پر وفاقی وزیر ٹیلی کمیونی کیشن امین الحق نے موبائل کمپنیوں کے سربراہان سے رابطہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں موبائل نیٹ ورکنگ کے مسائل پر وفاقی وزیر ٹیلی کمیونی کیشن نے نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) اور موبائل کمپنیوں کے سربراہان سے رابطہ کر لیا۔
وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ کراچی میں موبائل نیٹ ورکنگ کی فوری بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں، شہری بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے پہلے ہی پریشان ہیں، نیٹ ورکنگ مسائل نے اذیت اور بڑھا دی۔
انھوں نے ہدایت کی کہ چیئرمین پی ٹی اے فوری طور پر متعلقہ حکام کو نیٹ ورکنگ مسائل کے حل کے لیے فعال کریں، اس طرح کی صورت حال سے مستقبل میں نمٹنے کے لیے مربوط منصوبہ بندی کی بھی ضرورت ہے۔
کراچی میں طوفانی بارش، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کسی ہنگامی حالات کی صورت میں نیٹ ورکنگ کے ایسے مسائل صورت حال کو گھمبیر کر سکتے ہیں، صارفین سے مسلسل رابطوں کو یقینی بناتے ہوئے مسائل کا تدارک کیا جائے۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر امین الحق نے شہر میں مسلسل لوڈ شیڈنگ پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کیا کے الیکٹرک انتظامیہ عوام کی اذیت سے آگاہ ہے؟ کیا مصلحتوں اور مسائل کا خمیازہ عوام ہی بھگتنے کے لیے رہ گئے ہیں؟
امین الحق کا کہنا تھا کے الیکٹرک کو اپنے ترسیلی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانا ہوگا، بجلی کے مسائل حل نہیں کر سکتے تو وفاق کو مجبوری سے آگاہ کر دیں۔