مردان : لیڈی ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی غفلت کے باعث ماں نے ویٹننگ روم میں ہی بچے کو جنم دے دیا جب کہ نوزائیدہ بچہ سخت ٹھنڈ موسم اور فوری توجہ نہ ملنے کے باعث انتقال کرگیا۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ افسوسناک واقعہ مردان میڈیکل کمپلیکس میں اس وقت پیش آیا جب خان کلے کا رہائشی اپنی اہلیہ کو زچگی کی حالت میں لے کر اسپتال پہنچا تھا۔
درد زہ میں مبتلا خاتون کو گائنی وارڈ میں موجود لیڈی ڈاکٹر نے اہل خانہ کو یہ کہہ کر واپس کردیا کہ بچے کے جنم میں تین دن باقی ہیں اس لیے خاتون کو لے کر تین دن بعد آیا جائے۔
گائناکولوجسٹ کی ہدایت پر اہل خانہ خاتون کو واپس گھر لے آئے تاہم ددر میں مزید اضافہ ہوگیا جس کے بعد خاتون کو دوبارہ اسپتال لایا گیا لیکن لیڈی داکٹر اور اسٹاف نے کوئی دلچسپی نہیں لی جس کے باعث خاتون نے ویٹنگ روم میں ہی بچے کو جنم دے دیا۔
تاہم بد قسمتی سے سخت موسم اور فوری طبی امداد اور سہولیات نہ ملنے کے باعث نوزائیدہ بچہ دم توڑ گیا جس کے بعد اہل خانہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے میت لے جانے سے منع کردیا تاہم کمشنر مردان نے لیڈی ڈاکٹر اور اسٹاف کو معطل کردیا۔