لاہور: پنجاب میں جناح اسپتال سے نومولود بچی اغوا ہوگئی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں قائم جناح اسپتال سے نقاب پوش خاتون نومولود بچی کو اغوا کرکے فرار ہوگئی، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچی کی دادی لیبر روم کے باہر بچی کو لے کر بیٹھی ہوئی تھی، لیبر روم کے باہر نقاب پوش خاتون نے بچی کی دادی سے دوستی کی۔
پولیس کے مطابق بچی کی دادی واش روم جانے کے لیے بچی کو خاتون کے حوالے کرگئی، نقاب پوش خاتون کچھ دیر بعد بچی کو رکشہ میں لے کر فرار ہوگئی، گارڈن ٹاؤن پولیس نے اغوا کار خاتون کی تلاش شروع کردی۔
اس واقعے کے بعد جناح اسپتال کے قریب نصب سیف سٹی کیمروں کی مدد سے پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا، جو رکشہ ڈرائیور ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رکشہ ڈرائیور نے نقاب پوش خاتون کو لاہور کے علاقے دروغہ والا چھوڑا، رکشہ ڈرائیور دروغہ والا سے واپس جناح اسپتال آیا۔
رکشہ ڈرائیور جناح اسپتال میں بطور سیکیورٹی گارڈ بھی کام کرتا ہے۔