بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

نیا چئیرمین نیب کون ہوگا؟ اب تک فیصلہ نہ ہوسکا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : نیا چئیرمین نیب کون ہوگا؟ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نئے چئیرمین نیب کیلئے نام تجویز کیے گئے ہیں لیکن حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔

تفصیلات کے مطابق چئیرمین نیب قمر الزماں چوہدری کی ریٹائرمنٹ میں کم وقت رہ گیا ہے لیکن اب تک نئے چئیرمین نیب کا انتخاب کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔

قومی احتساب بیوروکے چئیرمین کیلئے حکومت اور اپوزیشن سرگرم ہے، اگلے چئرمین نیب کیلئے مشاورت جاری ہے، حکومت نے تین نام تجویز کیے ہیں ، جن میں ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیوروآفتاب سلطان، جسٹس ریٹائرڈرحمت جعفری اورجسٹس ریٹائرڈاعجاز چودھری شامل ہیں۔


مزید پڑھیں : چیئرمین نیب کے لیے 6 نام تجویز


پیپلزپارٹی نےریٹائرڈ جسٹس جاوید اقبال، جسٹس ریٹائرڈ فقیرمحمد کھوکراورسابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کے نام دیے ہیں۔

پی ٹی آئی نےسابق وفاقی ٹیکس محتسب شعیب سڈل ،جسٹس ریٹائرڈ فلک شیر اور سابق سیکریٹری خیبرپختونخوا ارباب شہزاد کے نام بھیجے ہیں۔

ایم کیوایم پاکستان نے جسٹس ریٹائڑڈ غوث محمد، سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد اور جسٹس ریٹائرڈ محمود عالم رضوی کے نام دیے۔

جماعت اسلامی نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ شاہد عزیز اور سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کے نام تجویز کیے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز خورشید شاہ کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات ہوئی ، ڈیڑھ گھنٹے تک مشاورت میں کوئی نام فائنل نہ ہوسکا جبکہ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی خبروں نے بھی خورشید شاہ زیادہ متحرک کردیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے کیس رکھنے والے کیسے احتساب کرنے والے کو منتخب کر سکتے ہیں، ڈر ہے کہیں قمر زمان جیسا کوئی نہ آجائے قانونی حلقوں سے بھی آوازیں آرہی ہیں کہ وزیر اعظم پر آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کا اطلاق ہوتا ہے تو چیئرمین نیب کے لیے بھی صادق و امین کی شرط رکھی جائے، اب ایسا بندہ کہاں سے ڈھونڈا جائے ۔۔ جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائی جائے۔

یاد رہے کہ اس وقت موجودہ چیئرمین نیب قمر الزماں چوہدری ہیں جنہوں نے 10 اکتوبر سنہ 2013 میں اس عہدے پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ رواں مہینے وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں