کراچی : سندھ اسمبلی میں صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی کا عمل جاری ہے، جس کے تحت پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ اورتحریک انصاف کے خرم شیر زمان نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے اور جمع بھی کرادیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کا اگلا وزیراعلیٰ کون ہوگا؟ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل جاری ہے، سیکریٹری الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سندھ اسمبلی کے نئے قائد ایوان کے لیے امیدوار شام پانچ بجے تک کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کراسکتے ہیں۔
شام چھ سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جس کے بعد امیدواروں کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔
سندھ کے آئندہ وزیر اعلیٰ کے لئے پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ اور پی ٹی آئی کے خرم شیر زمان کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے تاہم اب تک صرف مراد علی شاہ نے ہی کاغذات نامزدگی وصول کئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کو سندھ اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہے اور وہ کسی دوسری جماعت کے تعاون کے بغیر ہی اپنا قائد ایوان منتخب کرسکتی ہے جبکہ مسلم لیگ ن اور فنکشنل لیگ نے اپنا امیدوار نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں : پاکستان تحریک انصاف کا سندھ میں وزارت اعلیٰ کیلئے اپنا الگ امیدوار لانے کا فیصلہ
اسمبلی میں دوسری بڑی جماعت ایم کیو ایم نے اب تک کسی بھی امیدوار کی حمایت یا مخالفت کا اعلان نہیں کیا جبکہ تحریک انصاف کے ایوان میں صرف چار ارکان ہیں ۔
یاد رہے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے قائم علی شاہ سے وزیراعلیٰ کا عہدہ واپس لینے اور سینیئر صوبائی وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ نامزد کیا تھا۔،