کراچی : سندھ حکومت نے صوبے میں 20نئے سرکاری کالجز اور 15ہزار سیلاب متاثرہ اسکولوں کی بحالی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ اسکول ایجوکیشن اور محکمہ کالج ایجوکیشن کے ڈویلپمنٹ پورٹ فولیو کا اجلاس ہوا، جس میں شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ سیلاب کی وجہ سے19808 اسکولوں کی عمارتیں متاثر ہوئیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس میں سے7503عمارتیں مکمل اور12305کو جزوی نقصان پہنچا،2000اسکولوں کو محکمہ اسکول ایجوکیشن کے تحت مرمت کرکے بحال کیا گیا۔
اس کے علاوہ 686اسکولوں کو چائنز گرانٹ جبکہ 300اسکولوں کو یورپی یونین کے تعاون سے بحال کیا جائے گا، 15ہزار اسکولوں کی بحالی کیلئے پلاننگ اینڈ ڈویلپمننٹ کی اسکیم کے تحت منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔
اس منصوبے کے لیے وفاقی حکومت سے مدد لی جائے گی، محکمہ کالج ایجوکیشن نے20نئے کالج بنانے سے متعلق تجویز پیش کی، پیش کردہ تجویزکو آئندہ مالی سال کے بجٹ کے تحت منظور کرایا جائے گا، سیلاب سے متاثرہ100سے زائد کالجز کی مرمت کی اسکیمیں بھی تیار کرلی گئیں۔