روم : اٹلی کے ایک سینئر ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ نیا کورونا وائرس کوویڈ 19 اپنی طاقت آہستہ آہستہ کھو رہا ہے اور اس کی شدت میں بتدریج کمی آرہی ہے۔
کورونا وائرس نے جہاں پوری دنیا میں تباہی مچا رکھی ہے وہیں اس دوران کچھ امید افزا خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں، اس حوالے سے اٹلی کے ایک سینئر ڈاکٹر البرٹو زنگریلو نے دعویٰ کیا ہے کہ نیا کورونا وائرس اپنی تباہ کاریوں کے بعد آہستہ آہستہ اپنی طاقت کھوتا جارہا ہے۔
ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حقیقت میں یہ وائرس اب طبی طور پر اٹلی میں موجود نہیں ہے،21 فروری کو اس وبا کے منظر عام پر آنے کے بعد سے اٹلی میں کوویڈ 19 سےدنیا بھر میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ مئی میں نئے انفیکشن اور اموات میں مسلسل کمی واقع ہوئی ہے اور برصغیر کے ممالک میں کہیں بھی لاک ڈاون کی سخت ترین پابندیوں کو ختم نہیں کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر البرٹو زنگریلو نے کہا کہ کچھ ماہرین کورونا انفیکشن کی دوسری لہر کے امکان کے بارے میں بھی خطرے سے آگاہ کررہے ہیں اس حوالے سے سیاستدانوں کو بھی نئی حقیقت کو مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
علاوہ ازیں اس سے قبل برطانیہ میں بائیولوجی کے ماہرین نیل فرگوسن نے جو لندن امپریل کالج کے پروفیسر بھی ہیں کا بھی کہنا تھا کہ برطانیہ میں کورونا وبا کی رفتار آہستہ ہونے کے اشارے مل رہے ہیں۔
برطانوی سائنس داں کا کہنا تھا کہ تقریبا 40 فیصد متاثرین ایسے ہیں جن میں کورونا علامات ظاہر نہیں ہوئیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ اس وبا کا زور ٹوٹ رہا ہے لیکن انہوں نے ساتھ میں یہ بھی کہا کہ یقینی نتیجہ برآمد ہونے کے لئے ابھی مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب اٹلی کی وزارت صحت کی انڈر سیکرٹری سندرا زمپا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سائنسی ثبوت اس دعوے کی تائید کے لئے ناکافی ہیں کہ کورونا وائرس کی شدت کم ہوگئی ہے۔
لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اٹلی کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کی ہدایت کریں، اس کیلئے عوام کو جسمانی فاصلے برقرار رکھنے، بڑے اجتماعات سے بچنے، کثرت سے ہاتھ دھونے اور ماسک پہننے کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنا چاہئے۔