بدھ, جنوری 8, 2025
اشتہار

ریستوران میں بغیر ماسک کے موجود 56 افراد کرونا وائرس کا شکار

اشتہار

حیرت انگیز

جنوبی کوریا میں ایک ریستوران میں ماسک نہ پہننے والے 56 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، ماسک پہننے والا عملہ خوش قسمتی سے محفوظ رہا۔

مقامی میڈیا کے مطابق مذکورہ کیسز اسٹار بکس سے سامنے آئے ہیں، کرونا وائرس کا شکار ہوجانے والے تمام افراد نے ماسک نہیں پہن رکھا تھا جبکہ کیفے میں ہوا کی آمد و رفت کا انتظام بھی نہایت ناقص تھا۔

حیرت انگیز طور پر ریستوران کا عملہ محفوظ رہا کیونکہ انہوں نے ماسک پہن رکھا تھا۔

- Advertisement -

طبی حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے اتنے زیادہ کیسز صرف ایک متاثرہ شخص کی وجہ سے سامنے آئے جو اس کیفے میں ایئر کنڈیشنگ سسٹم کے بالکل ساتھ بیٹھا تھا اور وہاں سے اس نے وائرس والے ذرات ہر جگہ پھیلا دیے۔

یہ وائرس لوگوں تک میزوں اور دروازوں کے ہینڈل سمیت دیگر اشیا کی آلودہ سطح کے ذریعے بھی پہنچا۔

کوریا سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کے سربراہ جیونگ یون کیونگ کا کہنا ہے کہ کیفے میں آنے والے بیشتر افراد نے ماسک نہیں پہن رکھے تھے اور بظاہر وہاں ہوا کی آمد و رفت کا نظام بھی ناقص تھا، حالانکہ وہاں مرطوب موسم کے باعث ایئر کنڈیشنرز کا استعمال بھی ہو رہا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر یہ وائرس ہوا میں موجود ذرات سے نہیں بھی پھیلا تو بھی منہ یا ناک سے خارج ہونے والے ذرات سے اس کے پھیلاؤ کا امکان تنگ جگہ پر ممکن ہے جبکہ یہ وائرس ہاتھوں کے رابطے میں آنے سے بھی پھیل سکتا ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی کوریا نے دیگر ممالک کے مقابلے میں زیادہ کامیابی سے کرونا وائرس کی وبا کو قابو کرلیا تھا مگر حالیہ ہفتوں کے دوران وہاں کیسز کی شرح میں دوبارہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں