لاہور : دھرنوں کے باعث قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے ملتوی ہونے والے سیمی فائنلز اب 29 نومبر کو کھیلے جائیں گے جب کہ فائنل 30 نومبر کو کھیلا جائے گا.
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں جاری قوی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کے سیمی فائنل کے بعد فائنل پیر کو ہونا تھا لیکن فیض آباد میں 22 دنوں سے جاری تحریک لبیک پاکستان کے دھرنے کو ختم کرانے کے لیے پولیس آپریشن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث سیمی فائنل نہیں ہوسکا تھا.
ذرائع کے مطابق موخر ہونے والے سیمی فائنلز اور ایونٹ کا فائنل اب بالترتیب 29 نومبر بہ روز بدھ اور 30 نومبر بہ روز جمعرات کو منعقد ہوں گے جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں.
خیال رہے کہ ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل لاہور وائٹ اور فیصل آباد جب کہ دوسرا سیمی فائنل لاہور بلوز اورفاٹا کے مابین کھیلا جائے گا اور ان دونوں میچوں کی فاتح ٹیموں کے درمیان فائنل رواں ہفتے کو جمعرات کے روز ہو گا.
یاد رہے کہ اسلام آباد میں دھرنے کے خلاف ایکشن کی وجہ سے انتظامیہ کی جانب سے سیمی فائنلز ایک روز کی تاخیر سے کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم حالات بہترنہ ہونے پرسیمی فائنلز اور فائنل میچوں کو غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا اسی طرح دھرنے کے باعث قائد اعظم ٹرافی کے میچز بھی موخر کر دیے گئے تھے۔