جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے مجھے نہیں لگتا کہ نئے الیکشن کرانے سے متعلق کوئی مطالبہ مانا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پی ٹی آئی سے اتحاد سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور جے یو آئی میں تحفظات ہیں، اگر یہ ختم ہو گئے تو بات آگے بڑھے گی۔
کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے تحفظات سے پی ٹی آئی کو آگاہ کر دیا ہے۔ اس وقت گیند پی ٹی آئی کے کورٹ میں ہے۔ ان کی طرف سے جواب آئے گا تو اس کیا روشنی میں ہی آگے بڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات ان کا اپنا مسئلہ ہے۔ ہمارے ان سے معاملات طے ہوتے ہیں تو اتحاد سے متعلق بات آگے بڑھ سکے گی۔ اگر ایسا نہ ہوسکا تو ہر جماعت اپنے طور پر جدوجہد کرے گی۔
جے یو آئی سینیٹر نے نئے انتخابات کے مطالبے کے حوالے سے اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ نئے الیکشن کرانے سے متعلق کوئی مطالبہ مانا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی سمیت اپوزیشن جماعتیں فروری 2024 کے الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دیتی آئی ہیں اور گاہے بگاہے نئے الیکشن کرانے کا مطالبہ سامنے آتا رہتا ہے۔