اسلام آباد : تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش میں پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی، دریافت سے ملک کے گیس اور تیل کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلئے گئے ، او جی ڈی سی ایل کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لکی مروت کے بیٹانی 2 کنویں میں گیس اور کنڈینسیٹ کے نئے ذخائر دریافت ہوئے۔
ولی بلاک ساماناسک فارمیشن میں یہ پہلی ہائیڈرو کاربن دریافت ہے، جس سے یومیہ دو اعشاریہ ایک چار ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور 74 بیرل خام تیل کی پیداوار حاصل کی جارہی ہے
اس کنویں کے سوفیصد شیئرز او جی ڈی سی ایل کے پاس ہیں تاہم علاقے میں مزید کنویں کھودنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں : سجاول سے ہائیڈرو کاربن گیس کے ذخائر دریافت
یاد رہے گذشتہ ماہ سجاول کے علاقے شاہ بندر میں پاٹیجی کنوئیں ایکس ون سے گیس ذخائر دریافت ہوئے تھے۔
پی پی ایل کا کہنا تھا کہ شاہ بندر میں پاٹیجی کنوئیں کی 2475 میٹر کھدائی کا عمل 11 اکتوبر کو شروع ہوا تھا ، پاٹیجی کنوئیں سے یومیہ 12.4 ملین اسینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور ہلکے تیل کے 196 بیرل یومیہ ذخائر ملے ہیں۔