ریاض: مکہ المکرمہ میں زائرین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے نئے بورڈز نصب کریے گئے ہیں، مزید بورڈز کی تیاری کا کام جاری ہے۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کی انتظامیہ نے زائرین کو آمد و رفت میں سہولت فراہم کرنے اور مطلوبہ مقام تک پہنچنے میں رہنمائی کے لیے 514 نئے بورڈ نصب کیے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق حرم شریف میں داخل ہونے کے بعد زائرین بعض اوقات بھول جاتے ہیں کہ وہ کس سمت سے داخل ہوئے تھے اور کس دروازے سے انہیں باہر جانا ہے، انہی مسائل کو حل کرنے کے لیے مسجد الحرام کی انتظامیہ نے رہنما بورڈز نصب کروائے ہیں۔
بورڈز کی تنصیب کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، صفا اور مروہ سے متعلق رہنما بورڈ تیار کرلیے گئے ہیں، جلد انہیں بھی نصب کر دیا جائے گا۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ نے رہنما بورڈ کے رنگ اور حجم حرم شریف کی عمارت کے لحاظ سے ڈیزائن کروائے ہیں۔
اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ زائرین رہنما بورڈز اور ان کے رنگ دیکھ کر ہی اپنی منزل سے آگاہ ہوجائیں۔ بورڈز عربی اور انگریزی دو زبانوں میں تحریر ہیں۔
رہنما بورڈز کے لیے صفا اور مروہ دونوں کے درمیان کا علاقہ، مسجد الحرام کی تیسری سعودی توسیع والے حصے، مطاف اور طہارت خانوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔