اسلام آباد : نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 20 جنوری سے آپریشنل کرنے کا اعلان کردیا گیا، ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز نے پروازیں چلانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 20 جنوری کو آپریشنل کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
اس حوالے سے سول ایوی ایشن نے باقاعدہ نوٹم جاری کردیا، جس میں کہا ہے کہ ائیرپورٹ 20 جنوری سے پروازوں کے لیے آپریشنل ہوگا۔
سی اے اے نے نوٹم جاری کرکے تمام ایرلائنز کو آگاہ کردیا، اس ائیرپورٹ کے حوالے سے یہ باضابطہ طور پہلا تحریری نوٹم ہے، ابتدائی طور پر قومی ائیرلاین پی آئی اے پروازیں چلاکر ائیرپورٹ کو آپریشنل کیا جائے گا۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق ملکی اور غیر ملکی ایرلائنز نے بھی نیو گوادر انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پروازیں چلانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
مزید پڑھیں : نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کیوں منسوخ ہوا؟
یاد رہے اس سے قبل یکم جنوری کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروازوں کے لیے آپریشنل ہونا تھا تاہم پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے تیسری بار ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب منسوخ کر دی تھی۔
واضح رہے کہ اس ایئرپورٹ کی تعمیر پر 55 ارب روپے کی لاگت آئی ہے، ایئرپورٹ کے رن وے عالمی معیار کے مطابق بنائے گئے ہیں، جن پر ایئر بس 380 سمیت دیگر بڑے طیارے بھی لینڈ کر سکتے ہیں۔ یہ ایئرپورٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اہم منصوبہ ہے، اور چین کے اشتراک سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسے تعمیر کیا ہے۔